پنجاب پولیس رحیم یار خان اور ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس بیورو نے کچہ کے علاقے میں مشترکہ کارروائی کے دوران بڑی کامیابی حاصل کرلی۔ 50 لاکھ روپے سر کی قیمت والا بدنام زمانہ ڈاکو عاشق موٹا اپنے 17 ساتھیوں سمیت پولیس کے سامنے سرینڈر ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق لولائی گینگ کے 17 خطرناک ملزمان نے ہتھیار ڈال کر خود کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کیا۔ کارروائی کے دوران کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں نے کہا کہ ریاستی رٹ قائم کرنا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس اور حساس اداروں کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرینڈر کرنے والے ملزمان سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔
ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ کچہ کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے لیے اب سوائے سرینڈر کے کوئی محفوظ راستہ نہیں، اور امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔





















