امریکی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے لیے چار اہم شرائط رکھی ہیں،جو ایرانی قیادت تک پہنچا دی گئی ہیں۔
امریکی میڈیا کےمطابق پہلی شرط کے تحت ایران کو افزودہ یورینیم کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا، جبکہ دوسری شرط میں ایران کے اندر یورینیم افزودگی کی کسی بھی سطح پر اجازت نہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تیسری شرط میں ایرانی بیلسٹک میزائل پروگرام پر واضح حد مقرر کرنے کی بات کی گئی ہے،جبکہ چوتھی شرط کے تحت ایران کو خطے میں موجود اپنی پراکسیز کی حمایت ختم کرنا ہوگی۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس حکام کا کہنا ہےکہ ایران پر حملےکا آپشن اب بھی میز پر موجود ہے،صدرڈونلڈ ٹرمپ ایران سےمتعلق اس ہفتےمزید مشاورت کریں گے،جبکہ انہیں ایران کے حوالے سے اضافی فوجی آپشنز بھی پیش کیے جائیں گے۔
ادھر اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہےکہ امریکا ایران کی بحری ناکہ بندی پر بھی غور کر رہا ہے، جس کے ذریعےایران کی تیل کی برآمدات روکنے کامنصوبہ زیرِغور ہے۔ امریکی اورعالمی مبصرین کے مطابق ایران سے متعلق امریکی پالیسی میں آئندہ دنوں میں مزید سخت فیصلے متوقع ہیں۔






















