کوٹری قومی شاہراہ کے قریب کار اور ڈمپر کے درمیان خوفناک تصادم پیش آیا،جس کےنتیجےمیں کارمکمل طور پر تباہ ہو گئی،حادثےمیں چارخواتین اوردو بچوں سمیت آٹھ افرادموقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
حیدرآباد سے ٹھٹھہ جانے والی کار تیز رفتاری کے دوران ڈمپر سے ٹکرا گئی۔حادثے کے نتیجے میں کار بری طرح پچک گئی اور لاشیں گاڑی میں پھنس جانے کے باعث ریسکیو آپریشن متاثر ہوا۔ مقامی افراد اور پولیس نے کار کو کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکالا اور فوری طور پر سول ہسپتال حیدرآباد منتقل کیا۔
زخمیوں میں ایک خاتون اور ایک بچی شامل ہیں، جن کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور اوورٹیک کرتے ہوئے پیش آیا۔ حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کا تعلق حیدرآباد سے ہے،جبکہ ایک جاں بحق شخص کی شناخت غلام حیدر کے نام سے ہوئی ہے۔جاں بحق ہونے والے افراد حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد زیل پاک کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔






















