سینیٹر عابد شیر علی نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت کو 14 سال ہو گئے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت نے امن عامہ چھوڑ کر تمام وسائل ایک بندے کیلئے وقف کر دیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عابد شیر علی کا کہناتھا کہ سانحہ اے پی ایس کے وقت بھی خیبرپختونخوامیں پی ٹی آئی کی حکومت تھی، مسلح افواج پر دہشتگرد حملوں کے وقت بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہوتی ہے، نیشنل ایکشن پلان کے تحت تمام صوبوں کو یکساں فنڈ ملے، تیرہ چودہ سال میں خیبرپختونخوا حکومت دہشتگرد ختم نہیں کر سکی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی میراتھن پشاور سے شروع ہوتی ہے اڈیالہ پر ختم ہو جاتی ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا دوڑتا ہے پنجاب اور سندھ چلا جاتا ہے اور تماشا لگانا شروع کر دیتا ہے،دہشتگرد افغانستان سے آ کر فوج پر حملہ کرتے ہیں،وزیراعلیٰ ان کےحق میں بیان دیتاہے۔
عابد شیرعلی کا کہناتھا کہ کیا وزیراعلی خیبرپختونخوا کو جوابدہ نہیں ہونا چاہیے؟، اسلام آباد میں اونے پونے اپنے چہیتوں کو زمینیں الاٹ کی گئیں، پاکستان میں بدتہذیبی آپ نے متعارف کروائی ، کیا مائیں بہنیں صرف آپ کی ہیں کسی اورکسی نہیں۔
پی ٹی آئی ارکان نے عابد شیرعلی کی تقریر کے دوران مداخلت پر عابد شیر علی نے کہا کہ میرا نام عابد شیر علی ہے یاد رکھنا،کہاں ہیں وہ فنڈز جو خیبرپختونخوا حکومت کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دیئے گئے۔




















