عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ ہوائی جہاز میں سیٹس کا کھڑکیوں کے عین سامنے نہ ہونا مسافروں کی حفاظت کے لیے ہوتا ہے، تاہم حقیقت اس سے مختلف ہے۔ ماہرین کے مطابق جہاز میں کھڑکیوں اور سیٹس کی ترتیب کا تعلق بنیادی طور پر جہاز کے ڈیزائن، ساخت اور تجارتی تقاضوں سے ہوتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہوائی جہاز میں کھڑکیاں اس کی ساختی مضبوطی اور بلندی پر دباؤ کی تبدیلیوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت کے مطابق بنائی جاتی ہیں۔ اسی بنیاد پر جہاز کے اندر سیٹس کے درمیان فاصلہ اور ترتیب طے کی جاتی ہے، نہ کہ کھڑکیوں کی سیدھ کے مطابق۔
جہاز ساز کمپنیوں کا مقصد ایک طرف مسافروں کو معیاری سفری سہولت فراہم کرنا ہوتا ہے جبکہ دوسری جانب حفاظتی معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر اپنی آمدنی میں اضافہ بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔ اگر تمام سیٹس کو کھڑکیوں کے عین سامنے رکھا جائے تو جہاز میں سیٹوں کی مجموعی تعداد کم ہو جائے گی، جس سے کمپنیوں کی آمدنی متاثر ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق مختلف طیاروں کے ڈیزائن اور ان میں کھڑکیوں کی پوزیشن ایک دوسرے سے مختلف ہوتی ہے۔ ہر جہاز کے ڈیزائن کے مطابق سیٹس کو کھڑکیوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنا نہ صرف مشکل بلکہ مہنگا بھی ثابت ہوگا، جس سے جہاز ساز کمپنیوں کے اخراجات میں اضافہ ہو جائے گا۔
اسی وجہ سے ہوائی جہازوں میں سیٹس لگانے کے لیے ایک معیاری طریقہ کار اپنایا جاتا ہے، جبکہ کھڑکیوں کی پوزیشن اس سے شاذ و نادر ہی مکمل طور پر مطابقت رکھتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ترتیب حفاظتی تقاضوں کے خلاف نہیں بلکہ تکنیکی اور معاشی عوامل کا نتیجہ ہے۔




















