کراچی پولیس چیف آزاد خان نے کہا کہ گل پلازہ آتشزدگی کے ابتدائی تحقیقات میں تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے۔
میڈیا سے گفتگو میں کراچی پولیس چیف آزاد خان نے کہا کہ اب تک 14 افراد کی ہلاکت کنفرم ہوئی ہے۔ 60 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ اسپتال میں اب کوئی زخمی زیر علاج نہیں۔
آزاد خان نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے، انتظامیہ نے ہمیں رپورٹ دی اور اس میں کسی کی غفلت پائی گئی تو مقدمے کا اندراج بھی ہوگا۔
واضح رہے کہ کراچی میں گل پلازہ میں بھڑکتے شعلوں پر 34 گھنٹوں بعد قابو پالیا گیا۔ اب تک فائرفائٹر سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔ 60 سے زائد افراد لاپتا ہونے کی تصدیق کردی گئی۔ آگ سے گراؤنڈ اور میزنائن فلور مکمل طور پر جل چکے۔ مخدوش عمارت کے متعدد حصے زمین بوس ہوگئے۔
کراچی میں گل پلازہ کی آگ نے کئی گھروں کے چراغ گل کردیے۔ ڈی سی ساوُتھ کے مطابق آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے، آگ بجھانے کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔
رات بھر سرچ آپریشن کے دوران مزید لاشیں اور انسانی باقیات نکال لی گئیں۔ لاشوں کی حالت خراب، شناخت ڈی این اے کے ذریعے کی جائے گی۔ جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوچکی ہے۔ 60 سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔





















