آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش میں سڈنی سکسرز کے بیٹر اسٹیو اسمتھ نے اوور کی آخری گیند پر ساتھی بیٹر بابر اعظم کے شاٹ پر سنگل نہ لینے کی وجہ واضح کر دی۔
جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں سڈنی تھنڈر کے خلاف بیٹنگ کے دوران وہ لمحہ دیکھنے میں آیا جب بابر اعظم واضح طور پر ناخوش نظر آئے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڈنی سکسرز کی اننگز کے 11ویں اوور کی آخری گیند پر بابر نے اسٹروک کھیلا، تاہم اسٹیو اسمتھ نے سنگل لینے سے انکار کر دیا تاکہ اگلے اوور میں وہ خود اسٹرائیک پر رہ سکیں۔
بابر اعظم اس اوور میں مسلسل تین ڈاٹ بالز کھیل چکے تھے اور آخری گیند پر سنگل لے کر اگلے اوور میں دوبارہ اسٹرائیک لینے کے خواہاں تھے، لیکن اسمتھ کے انکار پر بابر نے مایوسی کا اظہار کیا۔
بعد ازاں اسٹیو اسمتھ نے اگلے اوور میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے چار چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 32 رنز بٹور لیے۔ اسمتھ نے 42 گیندوں پر برق رفتار سنچری اسکور کی، جبکہ بابر اعظم نے 39 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔ یوں سڈنی سکسرز نے سڈنی تھنڈر کا 190 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں باآسانی حاصل کر لیا۔
میچ کے بعد پریزنٹیشن کے دوران اسٹیو اسمتھ نے بابر کے شاٹ پر سنگل نہ لینے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ 10ویں اوور کے بعد بابر نے پاور سرج لینے کا مشورہ دیا تھا۔ اسمتھ کے مطابق انہوں نے بابر سے کہا کہ انہیں ایک اوور اور دیا جائے تاکہ وہ چھوٹی باؤنڈری کی طرف پاور سرج لے کر تیز رنز بنانے کی کوشش کر سکیں۔
اسمتھ نے اعتراف کیا کہ انہیں نہیں لگتا کہ بابر اعظم اس فیصلے پر ان سے خوش تھے، تاہم حکمتِ عملی کامیاب رہی۔
واضح رہے کہ بگ بیش لیگ میں پاور سرج دو اوورز پر مشتمل اضافی بیٹنگ پاور پلے ہوتا ہے، جس میں فیلڈنگ ٹیم کو صرف دو فیلڈرز 30 گز کے دائرے سے باہر رکھنے کی اجازت ہوتی ہے، جس سے بیٹرز کو زیادہ باؤنڈریز کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ بیٹنگ ٹیم پاور سرج 11ویں سے 20ویں اوور کے درمیان کسی بھی وقت لے سکتی ہے۔





















