ایران نے اسرائیل پر خرم شہرفور، خیبر اور فتح میزائل داغنے شروع کر دیئے ہیں جس کی تصدیق ایرانی پاسداران کی جانب سے کی گئی ہے جبکہ اسرائیلی فوج کا کہناہے کہ وہ ایرانی میزائلوں کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں ، ایرانی وزیر خارجہ نے ایرانی بحری جہاز کے عملے کو ریسکیو کرنے پر سری لنکن حکام کا شکریہ ادا کیاہے ۔
قطر
قطری وزیر توانائی نے فنانشل ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ عالمی معیشتوں کو تباہ کرسکتی ہے، سنگین صورتحال میں خلیجی ممالک تیل کی پیداوار بند کرسکتے ہیں، ایسا ہوا تو تیل کی قیمتیں 150 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔
قطری وزارت خارجہ نے بحرین پر ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جس عمارت پر حملہ ہوا وہاں قطری نیوی کے اہلکار بھی موجود تھے، یہ حملہ بحرین کی خود مختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے، حملے میں قطری نیوی کے تمام اہلکار محفوظ رہے ۔
ایرانی وزیر خارجہ
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سری لنکن ہم منصب کو ٹیلی فون کرتے ہوئے ایرانی بحری جہاز کے عملے کو ریسکیو کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ وزارت خارجہ کے مطابق عباس عراقچی نےامریکا کے خلاف عالمی فورم پر مقدمے کا عندیہ دیا ہے۔
آذربائیجان
آذربائیجان نے ایران سے اپنے سفارتکارواپس بلا لیے ہیں ۔گزشتہ روز آذربائیجان کے نخچیوان ایئرپورٹ پر ایران سے مبینہ ڈرون حملہ ہوا تھا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے بعدازاں آذربائیجان کے ہم منصب سے رابطہ کرتے ہوئے کہا کہ تھا کہ ایران نے کوئی ڈرون فائر نہیں کیا ۔
ایران پر حملے
ایران کے شہر میاندوآب پر فضائی حملے کی اطلاعات ہیں،میاندوآب ایران کے شمال میں مغربی آذبائیجان صوبے کا شہر ہے۔
اسرائیل پر حملہ
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل کے بن گوریان ایئرپورٹ پر میزائل حملہ کر دیاہے، ایرانی میزائل بن گوریان ائیرپورٹ کی حدود میں گرا، تل ابیب کی فضاؤں میں بھی کئی میزائیل انٹرسیپٹ ہوئے۔




















