پی ٹی آئی وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات ختم ہوگئی۔ ملاقات میں بیرسٹر گوہر،اسد قیصر اور عامر ڈوگر شریک ہوئے۔
رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہماری اسپیکر کے ساتھ ملاقات اچھے ماحول میں ہوئی، اسپیکر سے اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی پر بات چیت ہوئی، تمام اعتراضات دور کردیئے،کاغذات پر کوئی اعتراض نہیں رہا، کل تک دستاویزات پر ارکان کے دستخطوں کی تصدیق ہوجائے گی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ امید ہے جمعرات کو اپوزیشن لیڈر کا اعلان ہو جائے گا، جمعہ کو قومی اسمبلی سیشن میں ہمارا اپنا اپوزیشن لیڈر ہوگا، محمود اچکزئی کے مقابلے میں کسی نے کاغذات جمع نہیں کرائے، اسپیکر آفس میں مذاکرات کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں بھی اپوزیشن لیڈر مقرر ہوجائے گا۔
عامر ڈوگر نے کہا کہ ہمارے اندر کوئی گروپنگ نہیں ہے، صرف ایک ہی بندے کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، ہمارے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی ہی ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ میں خود بھی اسپیکر رہا ہوں، تمام تقاضے پورے کردیئے، امید ہے اپوزیشن لیڈر کی تقرری میں اب مزید تاخیر نہیں ہوگی۔ اسپیکر ہی سب کچھ ہے وہ جب چاہے نوٹیفکیشن کرسکتا ہے۔






















