قومی بیانیے کی تشکیل کے لیے قائم قومی پیغام امن کمیٹی (این پی اے سی) اراکین سے ملاقات میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ قومی سلامتی کے امور میں یکسوئی اور بیانیے پر اتفاق رائے وقت کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں فتنہ الخوارج، ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کے تناظر میں داخلی سلامتی پر جامع گفتگو، کشمیر اور غزہ پر اصولی مؤقف کی توثیق کی گئی۔ ملاقات کو غیر معمولی طور پر مفید قرار دیتے ہوئے اعتماد اور عملی تعاون کے نئے راستوں پر پیش رفت کی توقع ظاہر کی گئی۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ مظلوموں کی حمایت پاکستان کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔
این پی اے سی نے پاک افواج سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے قومی بیانیے کے فروغ کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اراکین نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں۔ نفرت انگیزی، فرقہ واریت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔ سماجی ہم آہنگی کے پیغام کو ملک گیر سطح پر پھیلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ملاقات میں این پی اے سی کی جانب سے ریاستی بیانیے کی ترویج کیلئے مساجد، مدارس اور جامعات میں آگاہی و رہنمائی نشستیں بڑھانے کی تجویز دیدی گئی، ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دشمن کی نفسیاتی جنگ کے مقابلے کیلئے عوامی شعور اور سچائی پر مبنی بیانیہ فیصلہ کن ہتھیار ہے۔






















