ہفتہ وار مہنگائی صفر اعشاریہ صفر چھ فیصد کمی کے ساتھ سالانہ بنیاد پر اکتالیس اعشاریہ ایک تین فیصد ریکارڈ۔ گزشتہ ہفتے گندم کے آٹے، آلو، پیاز اور دالوں سمیت اٹھارہ اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں بارہ کے نرخوں میں کمی آئی۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کردیئےگزشتہ ہفتے مہنگائی میں 0.06 فیصد کی معمولی کمی،سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 41.13 فیصد ریکارڈ کی گئی18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 12 میں کمی، 21 میں استحکام رہا ہے جس میں لہسن، آلو، پیاز، چکن،دال مسور، گندم آٹا، دال مونگ کی قیمت بڑھ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں گندم آٹا، لہسن، آلو، پیاز، چکن،دال مسور، دال مونگ، بریڈ، ایل پی جی گیس، لکڑی اور ماچس شامل ہیں۔ اس دوران ٹماٹر، گھی، کوکنگ آئل، کیلئے، انڈے، چینی، چائے، سگریٹس سستے ہوئے۔
سالانہ بنیاد پر قیمتوں کا موازنہ کیا جائے تو گزشتہ سال کی نسبت گندم کا آٹا اٹھاسی فیصد جبکہ سرخ مرچ بیاسی فیصد تک مہنگی ہوئی۔ اس دوران چاول چھہتر فیصد، لہسن اکہتر فیصد اورگڑ اکیاون فیصد مہنگا ہوا۔ گزشتہ سال کی نسبت گیس چارجز گیارہ سو آٹھ فیصد بڑھے۔ البتہ ایک سال میں پیاز چھتیس فیصد، ٹماٹر اٹھارہ فیصد اور گھی تین فیصد تک سستا ہوا۔