بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے (آئی ایس آر او) کا راکٹ ناکام ہو گیا جس کے ذریعے 16 سیٹلائٹس خلا میں بھیجے جا رہے تھے۔ راکٹ لانچ کے تیسرے مرحلے میں تکنیکی خرابی پیش آئی۔
آئی ایس آر او نے لانچ کے فوراً بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ پی ایس ایل وی-سی62 مشن کو پی ایس3 مرحلے کے اختتام پر خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث مشن مکمل نہ ہو سکا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تفصیلی تجزیہ شروع کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس 18 مئی کو بھی مشن کو تیسرے مرحلے کی خرابی کے باعث ناکامی کی ہزیمت اٹھانا پڑی تھی۔ یہ ناکامی بھارت کے خلائی پروگرام میں بڑھتی ہوئی کمزوریوں کا تسلسل ہے۔ خلائی مشنز میں بار بار ناکامی سے بھارت کی اسٹریٹجک ٹیکنالوجی پر خطرناک سوالات اٹھ گئے۔ بھارت کی کمزور ٹیکنالوجی پورے خطے اور عالمی توازن کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ناکام راکٹ میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی بھارت کے اگنی میزائل پروگرام سے بھی جڑی ہوئی ہے جو سنگین خدشات کو جنم دیتی ہے۔ اگر اسی ٹیکنالوجی کا حامل اگنی میزائل اصل ہدف کے بجائے کسی اور ملک میں جا گرے تو جوابی کارروائی تباہی کن ہوسکتی ہے۔






















