ایس ایس پی انویسٹی گیشن انوش مسعود نے کہا ہے کہ تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ سانحہ نو مئی بغاوت تھا۔
جمعہ کے روز پریس کانفرنس کے دوران ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور انوش مسعود نے کہا کہ ڈیفنس کار حادثہ بہت افسوس ناک تھا جس میں 6 افراد جاں بحق ہوئے اور واقعہ کے باعث خوف و ہراس پھیلا ہے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ خوف و ہراس اور نقصان کی بنیاد پر مقدمے میں 7 اے ٹی اے کی دفعات شامل کی گئی ہیں،عدالت کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے ، ملزم کا ڈینٹل ٹیسٹ ہوا ہے جس کی رپورٹ آنا باقی ہے۔
انوش مسعود نے بتایا کہ 9 مئی کو جو بھی ہوا سب کے سامنے ہے، اس وقت جو دیکھا اس کے مطابق دفعات لگائی گئیں لیکن انویسٹی گیشن کے دوران مختلف انکشافات ہوئے ۔
انہوں نے بتایا کہ یہ سارا معاملہ 10 اپریل 2022 سے شروع ہوا ، انویسٹی گیشن میں کوئی کنفیوژن نہیں تھی ، ملزمان کے انٹرویوز کرنے پر پتہ چلا یہ بغاوت ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چئیرمین پی ٹی آئی بھی پرچے میں نامزد ہیں اور نئی لسٹ جیو فینسنگ کی ایکسٹینشن ہے۔