پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور مؤثر سفارت کاری کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے۔ عالمی سطح پر پاکستان کے ابھرتے کردار کی کھل کر پذیرائی کی جارہی ہے۔
پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی، مؤثر سفارت کاری اور دہشت گردی کے خلاف دوٹوک مؤقف کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ عالمی جریدے دی ڈپلومیٹ کے مطابق پاکستان نے امریکا کے ساتھ تعمیری تعلقات اور چین کے ساتھ اسٹرٹیجک شراکت داری کو متوازن انداز میں آگے بڑھا کر ایک ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئرن برادر چین پاکستان کے خطے میں بڑھتے مؤثر کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور عالمی و علاقائی معاملات میں پاکستان کی پالیسیوں کی بھرپور حمایت کر رہا ہے۔
دی ڈپلومیٹ کے مطابق چین نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل اور افغان حکومت سے اعتدال پسندی کے مطالبے پر پاکستان کے مؤقف کی تائید کی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے اور عالمی سطح پر اس حمایت نے پاکستان کے سفارتی مؤقف پر مہر ثبت کر دی ہے۔



















