پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ملکی ڈالر ریزرو 45 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں 18 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ فروری 2022 کے بعد پہلی بار سرکاری ڈالر ذخائر دوبارہ 16 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے مجموعی ڈالر ذخائر کا مالی حجم 21 ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
مرکزی بینک کے پاس موجود ڈالر ریزرو میں 14 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ بڑھ کر 16 ارب 10 کروڑ ڈالر ہو گئے، جبکہ کمرشل بینکوں کے ڈالر ڈپازٹس میں بھی 4 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ بڑھ کر 5 ارب 10 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے۔
ماہرین کے مطابق موجودہ ذخائر پاکستان کی تقریباً تین ماہ کی درآمدات کے برابر ہو گئے ہیں۔






















