ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے یکساں نرخ نافذ کرنے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ وفاقی حکومت نے بجلی کے لیے یونیفارم ٹیرف لاگو کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نیپرا میں ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے لیے نئے کنزیومر اینڈ ٹیرف کی درخواست دائر کر دی ہے۔
حکومتی درخواست میں بجلی کے موجودہ ٹیرف نوٹیفکیشن میں ترمیم کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی قومی سطح پر یکساں بجلی نرخ لاگو ہوں گے۔ وفاقی حکومت کا مؤقف ہے کہ ٹیرف ریشنلائزیشن سے اضافی ریونیو میں اضافہ نہیں ہوگا بلکہ اس اقدام کا مقصد ملک بھر میں ایک ہی بجلی ریٹ کو یقینی بنانا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بجلی کے شعبے میں مالی استحکام کے لیے سبسڈی کا بتدریج خاتمہ کیا جائے گا، تاہم صارفین کے لیے سبسڈی کے ساتھ یکساں نرخ نافذ کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ یونیفارم ٹیرف شیڈول کی منظوری کے لیے معاملہ وفاقی کابینہ کو بھی پیش کر دیا گیا ہے۔
نیپرا حکومت کی جانب سے دائر یونیفارم ٹیرف کی درخواست پر 12 جنوری کو سماعت کرے گا، جبکہ نیپرا ایکٹ کے سیکشن 31 کے تحت نظرثانی شدہ ٹیرف نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ نیپرا کی منظوری کے بعد نئے بجلی نرخوں کا اطلاق 15 جنوری سے متوقع ہے۔






















