وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی نے ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ وزیراعظم آج کوئٹہ میں سیاسی قیادت سے ملاقاتیں اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے جہاں کوئٹہ ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران وزیراعظم کوئٹہ میں مصروف دن گزاریں گے اور سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم دانش اسکول، این ٹوینٹی فائیو سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے جبکہ متعدد منصوبوں کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف گورنر ہاؤس پہنچے جہاں گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے ان کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
گورنر ہاؤس میں وزیراعظم اور گورنر بلوچستان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں صوبے کے امور، جاری ترقیاتی منصوبوں اور پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی موجود تھے جبکہ وفاقی وزراء احسن اقبال، عبدالعلیم خان، رانا ثناء اللہ اور مقامی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔






















