امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناہے کہ وینزویلا کے بعد کولمبیا میں فوجی کاررائی کا امکان نظر آتا ہے، ایران اور میکسیکو کو بھی اپنے معاملات درست کرنا ہوں گے۔ امریکا کو گرین لینڈ کی بھی ضرورت ہے، ضرورت پڑنے پر نئی دلی پر ٹیرف بڑھائیں گے۔
ایئرفورس ون میں میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وینزیویلا پر ایک اور حملے کیلئے تیار ہیں لیکن اس کی ضرورت نہیں پڑے گی، وینزویلا ایک مردہ ملک بن چکا ہے، اسے دوبارہ زندہ کرنا ہوگا، تیل کمپنیوں کو بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنا پڑے گی۔
امریکی صدر نے کہا کہ دوسرا حملہ وینزویلا کی حکومت کے رویے پر منحصر ہوگا۔ انھوں نے ایک بار پھر کہا کہ امریکی کمپنیاں وینزویلا جاکر تیل کا انفرا اسٹریکچر بہترکریں گی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا کی نائب صدر نے صحیح کام نہ کیا تو مادورو سے بڑی قیمت چکانا پڑے گی۔ مادورو کی گرفتاری کے بعد امریکا وینزویلا کو چلانا چاہتا ہے۔ ڈیلسی روڈریگز وہ کام کرنے پر تیار ہیں جو امریکا ضروری سمجھتا ہے۔ وینزویلا تباہی کا شکار اور ہرلحاظ سے ناکام ملک ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ کولمبیا میں ایک بیمار شخص ملک چلارہا ہے، کولمبیا کا صدر کوکین امریکا بیچنے کا شوقین ہے، یہ زیادہ دیر نہیں چلے گا، کولمبیا میں فوجی کاررائی کا امکان نظر آتا ہے۔ ایران نے لوگوں کو قتل کرنا بند نہ کیا تو اسے سخت ردعمل کا سامنا کرنا ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کیوبا وینزویلا کے سہارے چلتا تھا، اب یہ سلسلہ بند ہوگا، کیوبا خود ہی گرے گا، فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں پڑے گا، میکسیکو کو اپنے معاملات درست کرنا ہوں گے، میکسیکو کے حوالے سے کوئی قدم اٹھانا ہوگا۔
امریکی صدر نے گرین لینڈ حاصل کرنے کی بھی بات کی اور کہا کہ امریکا کو گرین لینڈ کی ضرورت ہے۔ بھارت کاذکر کرتےہوئے صدر ٹرمپ نے کہا مودی نےٹیرف بڑھانے پر روس سے تیل کی خریداری کم کی ہے۔ ضرورت پڑنے پر نئی دلی پر ٹیرف بڑھائیں گے۔




















