سابق سی ای او ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) اختر حسین شیخ کیخلاف پی ایچ ڈی کی جعلی ڈگری کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ سری لنکن حکام کے مطابق جس یونیورسٹی کی ڈگری ظاہر کی گئی وہ کہیں رجسٹرڈ نہیں۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن ونگ نے سابق سی ای او ڈریپ اختر حسین کیخلاف پی ایچ ڈی کی جعلی ڈگری پر مقدمہ درج کرلیا۔
ایف آئی آر کے مطابق اختر حسین شیخ نے سی ای او بننے کیلئے جعلی ڈگری کا سہارا لیا، جعلی ڈگری کی بناء پر وہ سی ای او ڈریپ تعینات رہے، انٹرپول کے ذریعے سری لنکا نے ان کی ڈگری جعلی ہونے کی تصدیق کی۔
سری لنکن حکام کے مطابق جس یونیورسٹی کی ڈگری ظاہر کی گئی وہ گورنمنٹ یا کسی ادارے سے رجسٹرڈ بھی نہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اختر حسین شیخ نے جعلی طریقے سے عہدہ لے کر مالی فائدہ حاصل کیا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے مارچ 2023ء میں سی ای او ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کو جعلی ڈگری کا معاملہ سامنے آنے پر عہدے سے ہٹایا تھا۔