سال 2025 کے وہ 5 رجحانات جنہوں نے انٹرنیٹ پر دھوم مچائی۔
سال 2025 انٹرنیٹ کی دنیا میں منفرد رجحانات اورنئے تجربات کا سال ثابت ہوا،وائرل گڑیا کی دھوم سے کنافہ چاکلیٹ کےذائقے تک2025 میں دلچسپ اورانوکھےرجحانات کاطوفان دیکھا گیا،آئیےاُن پرایک نظر ڈالتے ہیں۔
1.لیبوبو ڈول
سال 2025 کا سب سے حیران کن رجحان لیبوبو نامی ایک چھوٹی گڑیا رہی۔ شرارتی مسکراہٹ اور نوکیلے دانتوں والی اس گڑیا نے دیکھتے ہی دیکھتے فیشن کی دنیا میں اپنی جگہ بنا لی۔ عالمی شہرت یافتہ شخصیات نے اسے اپنے مہنگے بیگوں کے ساتھ بطورسجاوٹ لٹکانا شروع کیا،جس کے بعد یہ ایک لازمی فیشن علامت بن گئی۔ اس کی مقبولیت نے ثابت کیا کہ اب صارفین روایتی خوبصورتی کے بجائے انوکھی اور مختلف چیزوں کو زیادہ پسند کر رہے ہیں۔
2. وائرل دبئی کنافہ چاکلیٹ
کھانے پینے کی اشیاء میں اگر کسی چیز نے رواں برس سب سے زیادہ شہرت حاصل کی، تو وہ دبئی کی مخصوص 'کنافہ چاکلیٹ' تھی۔ پستہ کریم اور خستہ کنافہ سے بھری اس چاکلیٹ کے ٹوٹنے کی آواز اور لذت نے کروڑوں صارفین کو اپنا دیوانہ بنا لیا۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں لوگ اس چاکلیٹ کو حاصل کرنے کے لیے بے تاب نظر آئے اور گھروں پر اسے تیار کرنے کی کوششیں بھی انٹرنیٹ پر سرفہرست رہیں۔
3. 'ماچا' چائے کی مقبولیت
کافی کے شوقین افراد کے لیے 2025 وہ سال تھاجب 'ماچا' (سبز چائےکی ایک خاص قسم) نے ان کی جگہ لے لی۔ سوشل میڈیا پرگہرے سبز رنگ کے اس مشروب اور اسے تیار کرنے کے مخصوص روایتی انداز کی ویڈیوز چھائی رہیں۔ماچا اب صرف ایک چائے نہیں رہی بلکہ ایک مخصوص طرزِ زندگی کی پہچان بن گئی ہے، جسے ذہنی سکون اور صحت بخش توانائی کے لیے بہترین تصور کیا جاتا ہے۔
4. مصنوعی ذہانت کے جادوئی خاکے
2025 میں مصنوعی ذہانت نے عام تصاویر کو خوابناک آرٹ میں بدل کرڈیجیٹل کریئیٹیویٹی کےنئے رحجانات متعارف کروائے،خاص طور پرجاپانی اینیمیشن کےانداز والے فلٹرز بےحد مقبول ہوئے،صارفین نے اپنی سادہ تصاویر کو جادوئی خاکوں میں تبدیل کیا،جس سے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ ہر شخص کسی افسانوی کہانی کا مرکزی کردار ہے۔ اس رجحان نے عام عوام سے لے کر عالمی رہنماؤں تک سب کو اپنی طرف متوجہ کیا۔
5. فرشی شلوار اور روایتی پہناوے کی واپسی
فیشن کی دنیا میں 2025 قدیم دور کی واپسی کا سال ثابت ہوا۔ جہاں جدید لباس مقبول رہے، وہیں 'فرشی شلوار' اورکلاسک مشرقی لباس دوبارہ مرکزِنگاہ بن گئے،ڈیزائنرز نےپرانے دورکی کٹائی اورکڑھائی کو نئے انداز میں پیش کیا،جسے نوجوان نسل نےشادیوں اوربڑی تقریبات میں بے حد پسند کیا۔ اس رجحان نے ثابت کیا کہ ہماری روایتی ثقافت کی کشش کبھی کم نہیں ہوتی۔






















