امریکی فوج نے بحرالکاہل میں منشیات لے جانے کے شبہ میں ایک جہاز پر حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔
خبرایجنسی کے مطابق یہ بات امریکی سدرن کمانڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتائی۔ بیان کے مطابق خفیہ معلومات سے تصدیق ہوئی تھی کہ مذکورہ جہاز مشرقی بحرالکاہل میں منشیات اسمگلنگ کے معروف راستوں پر سفر کر رہا تھا اور منشیات کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث تھا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں دو افراد ہلاک ہوئے جنہیں انہوں نے “نارکو دہشت گرد” قرار دیا۔ یہ کارروائی جوائنٹ ٹاسک فورس سدرن اسپیئر نے پینٹاگون کے سربراہ پیٹ ہیگسیتھ کی ہدایت پر انجام دی۔
امریکی فوج کے مطابق یہ کارروائی منشیات اسمگلنگ کے عالمی نیٹ ورک کے خلاف جاری اقدامات کا حصہ ہے، جس کا مقصد خطے میں غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ اور سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔





















