الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ عام انتخابات کے انعقاد کے لئے تیار ہیں، عام انتخابات میں پاک فوج کی خدمات بھی لی جائیں گی۔
الیکشن کمیشن کا آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اجلاس ہوا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی جبکہ اجلاس میں چاروں ممبران، سیکرٹری اور صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب بھی شریک ہوئے اور تین صوبوں کے الیکشن کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے بعد جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد کے لئے تیار ہے، ابتدائی حلقہ بندیوں پر تمام اعتراضات پر سماعت مکمل ہوگئی ہے اور حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست 30 نومبر کو شائع کی جائے گی۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ نادرا میں جاری ہے اور انتخابی فہرستیں الیکشن شیڈول کے اعلان تک مکمل ہوجائیں گی۔
انتخابی عملے کی تربیت کا پلان بھی تیار ہے، بیلٹ پیپروں کی طباعت کے ضروری انتظامات کر لئے گئے جبکہ الیکشن میٹریل کی خریداری بھی مکمل کر لی گئی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ عام انتخابات میں پاک فوج کی خدمات بھی لی جائیں گی۔