صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
جمعرات کے روز صدر مملکت عارف علوی سے روس کے سبکدوش ہونے والے سفیر ڈانیلہ گانیچ نے ملاقات کی جس کے دوران پاک روس دوطرفہ تعلقات اور فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی مظالم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران صدرکی جانب سے خواتین ، بچوں، صحافیوں سمیت ہزاروں فلسطینیوں کے قتل کی مذمت کی گئی۔
صدر مملکت نے دوطرفہ تعلقات مستحکم کرنے میں روسی سفیر کے کردار کو سراہا اور پاک روس تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے پر زور دیا۔
اس موقع پر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کے ساتھ طویل المدتی اورکثیر الجہتی شراکت داری کا خواہاں ہے، تجارت، معیشت، تحفظ خوراک، توانائی، دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعاون چاہتے ہیں۔