بانیاں، چک بیلی روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ اس کا شوہر زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق گولی لگنے سے جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت طیبہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی شوہر محمد ریحان کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ اور زخمی شخص موٹرسائیکل پر دوا لینے کے لیے گھر سے نکلے تھے، تاہم جب دونوں گھر واپس نہ پہنچے تو اہلِ خانہ نے تلاش شروع کی۔
تلاش کے دوران خاتون کی لاش اور مرد کو زخمی حالت میں پایا گیا۔ زخمی شخص کے بیان کے مطابق شکیل حسن نے ایک ساتھی کے ہمراہ ان پر فائرنگ کی۔ اطلاع ملنے پر روات پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کر لیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔



















