متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد زاید النہیان دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئے ہیں اور اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا پاکستان آمد پر دل سے خیرمقدم کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہناتھا کہ معزز بھائی کا سرکاری دورہ نئے سال کی خوشیوں اور باہمی روابط کی گرماہٹ میں اضافہ ہے، پاکستان اور یو اے ای قیادت کے درمیان نہایت خوشگوار اور تعمیری مذاکرات ہوئے، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کے وسیع شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا، ملاقات میں امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے مشترکا کوششوں پر اتفاق کیا گیا، پاکستان اوریو اے ای کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستان کو یو اے ای کے ساتھ دیرینہ، مضبوط اور تاریخی تعلقات پر فخر ہے، شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت میں پاک امارات تعلقات نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہے ہیں۔






















