گوجرخان پولیس نے معمر خاتون سے طلائی بالیاں نوچنے والے ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔چھینی گئی طلائی بالیاں،نقدی اور اسلحہ،موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ، پولیس پر فائرنگ کے دوران ملزم ہاتھ پر گولی لگنے سے زخمی ہوا تھا ۔
پولیس کے مطابق ملزم نے دو روز قبل معمر خاتون کو موٹر سائیکل پر لفٹ دے کر طلائی بالیاں نوچ لی تھیں اور پرس چھین لیا تھا جس میں نقدی موجود تھی،واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا۔
واقعہ کا مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو ناکہ بندی کے دوران روکنے کی کوشش کی، جس پر ملزم نے گولیاں چلا دیں ۔ دوطرفہ فائرنگ کے دوران ملزم کے اپنے ہاتھ پر گولی لگی،جسے زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے طلائی بالیاں، بیس ہزار روپے نقد، واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ گوجرخان پولیس نے متاثرہ معمر خاتون کے گھر جا کرطلائی بالیاں اور نقدی واپس کر دی ہیں ۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے ۔






















