پاکستانیوں کی آواز، قوم کا پسندیدہ نیوز چینل سماء 18 برس کا ہوگیا۔ سماء کی سالگرہ پر لاہور ہیڈ آفس میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
لاہور ہیڈآفس میں پاکستان کے معتبر ترین ادارے کی سالگرہ کی پروقار تقریب منعقد کی گئی ۔ قائمقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان مہمان خصوصی بنے ۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے بھی خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے سما کی بے مثال ٹیم، صحافت کے معیار، جدیدترین ٹیکنالوجی، معلومات کی تیز اور درست فراہمی کی خوب پذیرائی کی۔
سابق وزیر اعظم اور پیپلزپارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف بھی کیک کاٹنے کی تقریب میں شریک ہوئے۔ انتظامیہ سے ملاقات کی اور مبارکباد دی۔ سی ای او سماء جنید امین نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی اور ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
سالگرہ کی تقریب میں ڈائریکٹر نیوز اینڈ کرنٹ افئیرز راشد محمود، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اینڈ کوآپریٹیو افیئرز شائمہ امجد خان، سینئر اینکر پرسن عائشہ بخش، رؤف احمد ، واسع چوہدری، بیورو چیف لاہور ذیشان بخش اور رپورٹنگ ٹیم سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور ادارے کے دیگراسٹاف نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ سماء کے یہ 18 سال بے مثال رہے ۔ 18 سال سے سچ کی تلاش، حق کی ترجمانی اور عوام کی آواز بننے کا سفر آج بھی جاری ہے۔ یہ صرف سالوں کی گنتی نہیں۔ یہ قربانی، محنت اور بے لوث جدوجہد کی داستان ہے۔ خبر ہو تو مستند، تجزیہ ہو تو غیرجانبدار اور آواز ہو تو بے خوف، سماء وہ نام ہے جس نے خبر کو ذمہ داری اور تحقیق کے ساتھ پیش کیا۔
سماء کے یہ 18 سال دراصل مسلسل محنت اور ہر حال میں سچ دکھانے کے عزم کی کہانی ہیں۔ یہ وہ سفر ہے جہاں خبر کو امانت سمجھ کر عوام کے سامنے پیش کیا گیا۔ یہ عوام کے لازوال اعتماد کے 18 سال ہیں۔
جنگ کا محاذ ہو یا کھیل کامیدان، اقتدار کا ایوان ہو یا عوام سے جڑی کوئی بھی خبر، سما کی پروفیشنل ٹیم اپنے ناظرین تک سچ اور درست خبر پہنچانے کےلیے ہر لمحہ میدان میں ڈٹی رہتی ہے ۔ پاکستان کے سب سے بڑے اور قابل اعتماد نیوز نیٹ ورک سماء کی کامیابی کے یہ 18 سال عوام سے جڑے رہنے کا ایک بے مثال سفر ہے۔ ٹیم سماء کی طرف سے تمام دیکھنے اور چاہنے والوں کو سماء کی سالگرہ مبارک ہو۔






















