انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کی تین اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی دو مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں میں تفتیشی افسر کی عدم دستیابی کے باعث سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی۔
جمعرات کے روز انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے عمران خان کی تین اور شاہ محمود قریشی کی دو مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں سماعت کی جس کے دوران پی ٹی آئی وکلاء علی بخاری اور دیگر پیش ہوئے۔
پراسیکیوٹر کی جانب سے دلائل کے لیے مہلت دینے کی استدعا کی گئی جس پر خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر آرڈر کیا تھا آج ہر حال میں فیصلہ ہو گا۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ خود کہتے رہے ہیں اب ملزم کو بھی بلا لیں ان کی موجودگی میں بحث ہو جائے گی ، عدالت اس کیس میں دلائل کے لئے ایک تاریخ دے دے ، آج تفتیشی افسر بھی چھٹی پر ہیں ۔
شاہ محمود قریشی کی دو ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران وکیل علی بخاری نے کہا کہ ہماری دو درخواستوں پر پہلے احکامات بھی ہوچکے ، شریک ملزمان کی پہلے ہی ضمانت کنفرم ہوچکی ہیں ، ہماری وجہ سے کوئی تاخیر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پراسیکیوشن کی وجہ سے ہم بھی برداشت کررہے ہیں ، دلائل بھی ہوچکے ہیں، عدالت ریکارڈ بھی دیکھ چکی ہے، ہمارا کیس صرف آرڈر کی حد تک ہے۔
بعدازاں، عدالت کی جانب سے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت اٹھائیس نومبر تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔