خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی خصوصی ہدایت پر سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو شاہ عبدالعزیز میڈل (اعلیٰ درجہ) سے نوازا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کا دورہ کیا، جہاں سعودی وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنس کلاس سے نوازا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق میڈل خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے شاہی فرمان کے تحت دیا گیا، کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلینس کلاس سعودی عرب کا اعلیٰ ترین قومی اعزاز ہے۔ اعزاز فیلڈ مارشل کی عسکری خدمات، قائدانہ صلاحیتوں،پاک سعودی دفاعی تعاون کے فروغ میں کلیدی کردار کا اعتراف ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اعزاز خطے میں امن و استحکام، انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی تعاون کیلئے خدمات کا بھی مظہر ہے۔ سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ مہارت اور اسٹریٹجک وژن کو سراہا۔ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کے فروغ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کی تعریف کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خادم حرمین شریفین اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا، کہا یہ اعزاز دراصل پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط، دیرپا تعلقات کا عکاس ہے۔ چیف آف ڈیفنس فورسز نے سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلینس عطا کرنا پاک سعودی تعلقات کی گہرائی کی واضح علامت ہے، میڈل عطا کرنا خطے سمیت عالمی امن کے لیے مشترکہ عزم کی واضح علامت بھی ہے۔
ترجمان پاک فوج کے کے مطابق ملاقات میں خطے کی بدلتی سیکیورٹی صورتحال، دفاعی و عسکری تعاون، تعزویراتی اشتراک اور علاقائی چیلنجز پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔






















