وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سیاسی و معاشی استحکام کے لیے قومی سطح پر ڈائیلاگ کی ضرورت ہے ،یہ ڈائیلاگ کسی سیاسی جماعت،شخص یا گروہ کے لئے نہیں،وطن عزیز کے لئے ہوں، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے ساتھ کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔
خواجہ رفیق کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان کو سیاسی اور معاشی استحکام کی ضرورت ہے، عدم استحکام کے ساتھ کوئی قوم وملک ترقی نہیں کر سکتا،ہمیں تنقید کو مثبت انداز میں لینا اور برداشت پیدا کرنی چاہئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اسطرح کی تقاریب منعقد ہونی چاہیے جس سے ایک طرف ہم ماضی کی تاریخ سے واقفیت حاصل کرلیتے اور دوسری طرف ان شخصیات کی قربانیوں سے بھی واقف ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے وہ قرض اتارے جو واجب بھی نہ تھے، میری دعا ہے کہ ان کی اولادیں اور ہم سب ان کی کہی ہوئی باتوں پر عمل کریں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ہمیں تنقید کو مثبت انداز میں لینا چاہیے، برداشت سے کام لینا چاہیے، اپنے مخالف کی بات کو سننا چاہیے، سیاسی ایک مستقل پراسییس کا نام ہے، سیاست میں شدت پسندی اورتشدد کواپنا راستہ نہیں اپنانا چاہیے۔






















