سعودی عرب سے لاہور آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز کو دورانِ پرواز فنی خرابی کے باعث ہنگامی طور پر دمام ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
پی آئی اے ذرائع کے مطابق پرواز پی کے 860 میں 350 سے زائد مسافر سوار تھے۔ دورانِ پرواز جہاز میں فنی خرابی سامنے آنے پر کپتان نے حفاظتی اقدامات کے تحت دمام ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران جہاز میں آکسیجن ماسک بھی کھل گئے، تاہم عملے کی بروقت کارروائی کے باعث صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔ طیارے کو بحفاظت دمام ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔
پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق مسافروں کی سہولت اور متبادل انتظامات کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ طیارے کی فنی جانچ پڑتال کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔






















