سابق مشیراحتساب شہزاد اکبر کو واپس پاکستان لانے کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، حکومت نے برطانیہ سے کیس ٹو کیس معاملہ اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے،
ذرائع کے مطابق تمام مقدمات اور عدالتی کارروائیوں کی تفصیلات برطانیہ کو فراہم کر دی گئیں، دستاویزات وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانوی ہائی کمشنر کو دیں، دستاویزات میں شہزاد اکبر کیخلاف اسلام آباد میں 3 مقدمات کا ذکرہے، شہزاد اکبر کیخلاف تھانہ سیکرٹیریٹ میں 2،تھانہ کوہسار میں ایک مقدمہ درج ہے۔
شہزاد اکبر کی نیب عدالت سے سزا کی تفصیلات بھی دستاویز کا حصہ بنائی گئی ہیں، این سی سی آئی اے اور ایف آئی اے کے مقدمات کی تفصیلات بھی فراہم کی گئیں، مقامی عدالت سے شہزاد اکبر کو اشتہاری قرار دینے کی تفصیلات بھی دستاویز میں شامل ہیں۔ وفاقی حکومت نے عادل راجہ کے خلاف تفصیلات بھی برطانیہ بھجوا دیں۔



















