ڈیجیٹل دور میں فیک نیوز کے پھیلاؤ نے فیکٹ چیکنگ کو صحافت کی بنیادی ضرورت بنا دیا ۔ خبر کی اشاعت سے قبل اس کے ماخذ اور مواد کی مکمل تصدیق ناگزیر ہے ۔ اسی تناظر میں ہیڈ آف کمیونیکیشنز جرمن ایمبیسی جان گیرلڈ نے سماء ڈیجیٹل اور سماء ٹی وی کا دورہ کیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ سماء نیوز خبر نشر کرنے سے پہلے اس کی مکمل جانچ پڑتال کرتا ہے اور سادہ مگر مؤثر طریقوں کے ذریعے درست اور قابلِ اعتماد معلومات عوام تک پہنچانے کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتا ہے ۔
موجودہ ڈیجیٹل دور میں خبر جتنی تیزی سے پھیلتی ہے، اس کی تصدیق اتنی ہی ضروری ہو گئی ہے، اسی سوچ کے تحت سماء ڈیجیٹل میں ایک خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں خبر کی تصدیق کے ایک مربوط نظام پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ہیڈ آف کمیونیکیشنز جرمن ایمبیسی جان گیرلڈ نے سماء ڈیجیٹل اور سماء ٹی وی کا دورہ کیا، جہاں انہیں نیوز روم اور فیکٹ چیکنگ کے نظام سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے سماء کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ آزاد اور تصدیق شدہ صحافت جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔
ورکشاپ میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی کے اشتراک سے منعقد کی گئی، جس میں ادارے کے بانی اسد بیگ نے فیک نیوز کے بڑھتے ہوئے رجحان، ڈیجیٹل ویری فکیشن اور صحافتی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر جنرل منیجر ڈیجیٹل میڈیا سماء عاصم صدیق اپنی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سماء ڈیجیٹل میں خبر کی تیاری سے تشہیر تک کے ہر مرحلے کو منظم اور شفاف طریقے سے پرکھا جاتا ہے۔






















