معرکہ حق میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی ذلت آمیز شکست مودی سرکار کے لیے ایک ڈراؤنا خواب بن گئی۔ بھارتی میڈیا کے گمراہ کن پروپیگنڈے کے باوجود، خود بھارت کی سیاسی اور عسکری قیادت نے اپنی عبرتناک ناکامی کا اعتراف کرنا شروع کر دیا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ اور کانگریس رہنما پرتھوی راج چوہان نے اعتراف کیا ہے کہ جنگ کے پہلے ہی دن بھارت کو مکمل پسپائی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ 7 مئی کو ہونے والی فضائی جھڑپ میں صرف آدھے گھنٹے کے اندر پاکستان نے بھارتی فضائیہ کو دھول چٹا دی۔
پرتھوی راج چوہان کے مطابق، بھارتی طیاروں کے گرائے جانے کے بعد پوری ایئر فورس کو گراؤنڈ کر دیا گیا تھا اور خوف کا یہ عالم تھا کہ بھٹنڈہ سمیت کسی بھی بیس سے بھارتی طیاروں نے اڑان بھرنے کی ہمت نہیں کی۔
واضح رہے کہ صرف سیاستدان ہی نہیں، بلکہ بھارتی فوجی قیادت بھی مودی کے "سب اچھا ہے” کے دعووں کی قلعی کھول چکی ہے۔ بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے 31 مئی کو مبہم انداز میں اعتراف کیا کہ "یہ اہم نہیں کہ کتنے طیارے گرے، اہم یہ ہے کہ کیوں گرے”۔ اسی طرح ایئر مارشل اے کے بھارتی نے بھی جنگ میں ہونے والے نقصانات کی تصدیق کی۔ اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی بھی ‘آپریشن سندور’ میں بھارتی ناکامی کا پردہ چاک کر چکے ہیں۔
عالمی میڈیا اور بین الاقوامی رہنماؤں نے بھی مودی کے خود ساختہ بیانیے کو مسترد کر دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار پاکستان کی جانب سے بھارتی طیارے گرانے کا تذکرہ کر کے بھارت کی عالمی سطح پر سبکی کر چکے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مودی سرکار حقائق کو جتنا بھی چھپانے کی کوشش کرے، پاکستان کے ہاتھوں ہونے والی اس تاریخی ہزیمت کے زخم مودی کے سیاسی مستقبل پر گہرے اثرات مرتب کریں گے۔






















