وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے دورہ کویت کے دوران میں مختلف ملاقاتوں میں سرمایہ کاری، توانائی اور تجارت میں تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ کویتی قیادت نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کویت کے دورے کے دوران وزیر خزانہ ڈاکٹر صبیح المخیزیم سے ملاقات کی، جس میں توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
کویتی وزیر خزانہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری مزید بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔ اس موقع پر علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومتِ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
علی پرویز ملک نے میزان بینک پاکستان کے چیئرمین ریاض الادریسی سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ میزان بینک کی بہترین کارکردگی پاکستان میں کامیاب غیر ملکی سرمایہ کاری کی روشن مثال ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے کویت فنڈ برائے اقتصادی ترقی کے ڈائریکٹر جنرل ولید شملان احمد سے ملاقات میں پاکستان کے سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈنگ بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا۔
انہوں نے کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کویت کے درمیان ادارہ جاتی تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق ہوا۔






















