بھارتی میڈیا نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل بونڈی پر فائرنگ کرنے والا حملہ آور ساجد اکرم کا تعلق بھارت کے شہر حیدرآباد سے ہے۔
رپورٹ کے مطابق سڈنی حملہ آور کا تعلق بھارتی ریاست تلنگانہ سے ہے، ساجد اکرم 1998 میں بھارت سے آسٹریلیا منتقل ہوا، اس عرصے کے دوران ملزم نے کئی بار بھارت کا دورہ کیا۔
امریکی جریدے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق فلپائنی امیگریشن حکام کا کہناہے کہ حملہ آور ساجد اکرم اور نوید اکرم یکم نومبر 2025 کو فلپائن پہنچے۔ دونوں باپ بیٹے نے سڈنی سے فلپائن کا سفر کیا تھا۔ دونوں ملزمان نے داواؤ شہر میں قیام کیا۔ باپ بیٹا 28 نومبر 2025 کو منیلا سے سڈنی واپس روانہ ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق حملہ آور باپ بیٹے نے بھارتی پاسپورٹ پر فلپائن کا سفر کیا تھا۔ سڈنی میں حملہ داعش سے متاثر ہوکر کیا گیا۔ بھارتی وزارت خارجہ نے اس حوالے سے سوال کا جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر مسلح افراد نے شہریوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور40 زخمی ہوگئے تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں فائرنگ کرنے والا ایک شخص مارا گیا اور دوسرے حملہ آور کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔






















