وزارت صنعت و پیداوار کے ذیلی ادارے کے پنشن فنڈز میں کروڑوں غبن کا کیس میں اسلام آباد کی عدالت سے ضمانت کی درخواست خارج ہونے پر ملزم طلحہ رسول کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایف آئی اے نے 11 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے پنشن فنڈ میں کروڑوں روپے کی خردبرد پر 11 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ ابتدائی تفتیش میں بینک افسران اور نجی افراد کی ملی بھگت سامنے آگئی۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے 10 جعلی چیکس کے ذریعے چار کروڑ 61 لاکھ روپے نکلوائے۔
فارنزک رپورٹ میں چیکس پر دستخط جعلی ثابت ہوئے۔ آج اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد ہمایوں دلاور کی عدالت میں کیس کی سماعت بھی ہوئی۔ عدالت نے ملزم طلحہ رسول کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج کردی۔ درخواست خارج ہونے پر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔



















