انڈر 19 ایشیا کپ مینز ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں بھارت کی انڈر19 کرکٹ ٹیم نے پاکستان انڈر 19 کو 90 رنز سے شکست دیدی۔
گروپ اے کے اس میچ میں جو 49 اوورز پر مشتمل تھا ، پاکستان انڈر 19 نے ٹاس جیت کر بھارت انڈر 19 کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جو 46.1 اوورز میں 240 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم 241 کے ہدف کے تعاقب میں 41 اعشاریہ 2 اوورز میں 150 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔
پاکستان کی اننگز میں وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ عثمان خان 16 ، سمیر منہاس 9 ، علی حسن بلوچ صفر اور احمد حسین 4 رنز بناکر آوٹ ہوئے تو مجموعی سکور 4 وکٹوں پر صرف 30 رنز تھا۔
حذیفہ احسن کی کوشش ناکافی ثابت ہوئی وہ 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے70 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔کپتان فرحان یوسف نے 23 رنز سکور کیے۔دیپیش دیوندرن اور کانشک چوہان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل بھارت کی اننگز میں ارون جارج 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 85 رنز بناکر عبدالسبحان کی گیند پر آوٹ ہوئے جنہوں نے 42 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
محمد صیام نے بھی 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جن میں ویبھا سوریا ونشی ( 5 ) کپتان آیوش مہاترے ( 38 ) کی اہم وکٹیں بھی شامل تھیں۔ نقاب شفیق نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ احمد حسین اور علی رضا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم 16 دسمبر کو آخری گروپ میچ میں متحدہ عرب امارات انڈر 19 کے خلاف مدمقابل ہوگی۔ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 19 دسمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 21 دسمبر کو ہوگا۔






















