اچھرہ کی جیولر مارکیٹ سے مبینہ طور پر 20 کلوگرام سونے کے غبن کا معاملہ مزید سنگین ہوگیا۔ پولیس نے ملزم شیخ وسیم کے خلاف امانت میں خیانت کا ایک اور مقدمہ درج کرلیا جبکہ فراڈ سمیت دیگر پہلوؤں پر بھی تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دوسرا مقدمہ نورالعین نامی شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم 9 کروڑ روپے مالیت کا سونا لے کر فرار ہوگیا۔
ادھر سماء نے ملزم شیخ وسیم کی ٹریول ہسٹری حاصل کرلی ہے۔ ٹریول ریکارڈ کے مطابق ملزم ملائشیا، بنکاک، دبئی اور سعودی عرب کے مختلف شہروں کا سفر کرتا رہا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شیخ وسیم نے موبائل بند کرنے سے قبل آخری کال رات 11 بج کر 26 منٹ پر کی، جس کے بعد آخری کال وصول کرنے والے شخص کو بھی تفتیش میں شامل کرلیا گیا ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن شہر بانو نقوی کے مطابق تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزم کے زیر استعمال تین گاڑیاں تھیں، جن میں سے ایک گاڑی حال ہی میں کسی دوسرے شخص کے نام منتقل کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حقائق سامنے لانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور معاملے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔





















