ایم جی موٹرز نے پاکستان میں اپنی نئی الیکٹرک گاڑی ’بنگو ‘ای وی کی قیمت کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جو کمپنی کی ای وی لائن اپ میں ایک اہم اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم جی پاکستان نے بنگو ای وی کی قیمت 59 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی ہے، جس کے بعد یہ لوکل مارکیٹ میں دستیاب دیگر الیکٹرک گاڑیوں کے مقابلے میں ایک مضبوط آپشن کے طور پر سامنے آئی ہے۔گاڑی کی بکنگ 12 لاکھ روپے میں کروائی جا سکتی ہے ۔
بنگو ای وی میں 31.9 kWh لی آئن فیرو فاسفیٹ بیٹری نصب ہے، جو 67 ہارس پاور اور 150 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرنے والی الیکٹرک موٹر کو پاور فراہم کرتی ہے۔ کمپنی کے مطابق گاڑی کی WLTP رینج 273 کلومیٹر ہے، جو شہری سفر کے لیے کافی موزوں ہے۔
گاڑی ڈی سی فاسٹ چارجنگ اور اے سی چارجنگ دونوں سپورٹ کرتی ہے۔ ڈی سی فاسٹ چارجنگ سے بیٹری کو 30 فیصد سے 80 فیصد تک تقریباً 35 منٹ میں چارج کیا جا سکتا ہے، جبکہ اے سی چارجنگ کے ذریعے 20 فیصد سے 100 فیصد تک چارجنگ میں تقریباً 5.5 گھنٹے لگتے ہیں۔
سیفٹی فیچرز میں ڈوئل فرنٹ ایئر بیگز، اے بی ایس، ای بی ڈی، ریئر پارکنگ سینسرز اور کیمرہ شامل ہیں، جو اسے ایک محفوظ فیملی ای وی بناتے ہیں۔




















