وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے دہشتگردی کا نیا خطرہ افغان سرزمین سے اٹھ رہا ہے۔
ترکمانستان میں عالمی امن اور سیکیورٹی فورم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا عالمی برادری افغان حکومت پر ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے دباؤ ڈالے۔ تنازعات کا پرامن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ عالمی امن وسلامتی کے فروغ کیلئے پاکستان اپنا بھرپورکردارادا کررہا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اشک آباد کے شاندار شہر میں ہونامیرے لیے باعث مسرت ہے، مہمان کواہل خانہ سےبڑھ کراحترام دینا ترکمانستان کی روایت ہے، ترکمانستان کواس کی مستقل غیرجانبداری کے 30سال مکمل ہونے پر مبارکباد دیتاہوں۔
قبل ازیں شہباز شریف نے ترکمانستان کے صدر سے ملاقات میں باہمی تعلقات، تجارتی اور اقتصادی روابط مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ زمینی اور سمندری راستوں سے روابط بڑھانے پر زور دیا ۔ وزیراعظم نے ترکمانستان کو کراچی اور گوادر بندرگاہ کو جنوبی ایشیا تک رسائی کیلئے استعمال کرنے کی پیشکش کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اشک آباد میں یادگارِغیر جانبداری کا دورہ بھی کیا۔ ترکیہ، روس اور ازبکستان کے صدور کے ہمراہ پھول رکھے۔ یادگارغیرجانبداری ترکمانستان کی مستقل غیرجانبداری کی پالیسی کی علامت ہے۔






















