پاکستان اور برطانیہ کے درمیان 8 سال بعد ترقیاتی مذاکرات کا نیا دور شروع ہوگیا۔ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور ایجوکیشن گیٹ وے میں اہم پیش رفت، اقتصادی تعاون مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور برطانیہ کی وزیر برائے ترقیاتی امور بیرونیس چیپ مین کی اہم ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیات اور سماجی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے پاکستان اور برطانیہ کے اقتصادی تعلقات میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔
مذاکرات میں بتایا گیا کہ پاکستان میں برطانوی کمپنیوں کی تعداد دوسو سے زائد ہو چکی ہے جس سے دوطرفہ تجارت ساڑھے پانچ بلین پاؤنڈ سے تجاوز کر گئی ہے۔ بیرونیس چیپ مین اور وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے ’پاک-یو کے ایجوکیشن گیٹ وے‘ کے اگلے مرحلے کا افتتاح بھی کیا، جس کے تحت اسٹارٹ اپ فنڈ، آن لائن لرننگ پروگرامز اور تعلیمی مواقع میں توسیع شامل ہے۔
دونوں ممالک نے صحت، تعلیم، آبادی اور ماحولیات میں سرمایہ کاری پر بھی گفتگو کی۔ پاک–برطانیہ تعاون کے لیے ماحولیات، قدرتی وسائل اور گرین ٹیکنالوجیز کے فریم ورک کے تحت گرین کومپیکٹ پروگرام کا آغاز کیا گیا۔





















