بیرون ممالک رقوم بھجوانے والے بڑے کاروباری افراد اور اداروں کے خلاف شکنجہ سخت کردیا گیا۔ منی لانڈرنگ و ہنڈی کے کاروبار میں ملوث افراد اور اداروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔اس حوالے سے اسٹیٹ بینک اور ایف ائی اے کا جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس لاہور میں ہوا۔ اجلاس میں منی لانڈرنگ و ہنڈی مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا۔ غیر قانونی ذرائع سے بیرون ممالک رقوم بھجوانے والے بڑے کاروباری افراد اور اداروں کے خلاف شکنجہ سخت کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ و ہنڈی کے کاروبار میں ملوث افراد اور اداروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ رقوم بینکنگ اور دیگر قانونی چینلز کے ذریعے بیرون ممالک بھجوائی جا سکیں گی۔ منی چینجرز کے ذریعے رقوم بیرون ممالک بھجوانے کے عمل کو بھی سٹریم لائن کیا جائے گا۔
بیرون ممالک رقوم بھجوانے کے پورے میکنزم کو شفاف اور فول پروف بنایا جائے گا۔غیرقانونی ذرائع سے بیرون ممالک رقوم بھجوانے کے تمام چینلز کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ بڑے منی لانڈرز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے گا۔
وزیر داخلہ اور وزیر خزانہ نےاتفاق کیا کہ ہنڈی کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں۔ ورکنگ گروپ تمام متعلقہ امور پر پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لے گا۔





















