چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ گورنرراج کیلئےن لیگ اور پیپلز پارٹی میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی، پی ٹی آئی ایسے حالات پیدا کر رہی ہے جس سے وہ وفاق کو سخت اقدامات پر مجبور کرے، سخت آپشنز میں گورنرراج موجود ہے،لیکن ابھی تک کوئی بات نہیں ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھا کہ فیض حمید کی سزا کا فیصلہ تاریخی ہے، فیض حمید کے خلاف مزید تحقیقات اور ٹرائل ہونا ہے، بانی نے بطور وزیراعظم سب کو جیل بھیجا،طاقت کے نشے میں دھمکیاں دیں، بانی پی ٹی آئی نے مخالفین کو نشانہ بنایا، یہ مکافات عمل ہے، بانی پی ٹی آئی آج جیل میں ہیں، فیض حمید نے طاقت کے نشے میں اپنے حلف کی خلاف ورزی کی، اللہ تعالیٰ کوئی موقع اور ذمہ داری دیں تو درست انداز میں عمل کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ فیض حمید غیر ذمہ دارانہ کام کر رہے تھے،شاید یہ پیغام ہو گاآگے ایسے کام نہ کیے جائیں، فیض حمید کے پاس ابھی اپیل کا حق ہے، پیپلزپارٹی کی 27ویں ترمیم میں سب سے بڑی کامیابی آئینی عدالت ہے، آئینی عدالت کے چیف جسٹس جنوبی پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں، حکومت نے 28 ویں ترمیم اور نیا صوبہ بنانے کیلئے ہم سے بات نہیں کی، ہمیں پتہ ہے وفاقی حکومت کو مشکلات ہیں، حکومت کی مشکلات کے ذمہ دار کراچی،لاہور،پشاور اور دیگرشہروں کے عوام نہیں، معاشی مشکلات کے ذمہ دار اسلام آبادمیں بیٹھے بیوروکریٹس ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ ایف بی آر کا بوجھ عوام کو نہیں اُٹھاناچاہیے، وفاق کی مشکلات دور کرنے کیلئے پیپلزپارٹی نے تجاویز دی ہیں، صوبوں کے اختیارات کم کیے بغیر ہم وفاق کی مشکلات دور کر سکتے ہیں، حکومت کا مؤقف کہ معاشی مشکلات سے نکالااس میں کچھ حقیقت ہے، شہباز شریف اور ان کی ٹیم نے ملک کو مشکلات سے نکالا، کچھ غیر ملکی سرمایہ کاری آرہی ہے،حکومت مزید چاہتی ہے، غیرملکی سرمایہ کاری سے زیادہ اپنی برآمدات بڑھانے پر دینی چاہیے۔



















