کسٹمز نے کراچی اور پشاور میں مختلف کارروائیوں کے دوران 15 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی غیر قانونی اشیاء اور گاڑیاں ضبط کرلی۔
ایف بی آر کے مطابق کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے کارروائی میں 9 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کے اسمگل شدہ موبائل فونز اور ٹیمپرڈ گاڑی ضبط کرلی۔ گاڑی کے ابتدائی معائنے میں بونٹ، فرنٹ بمپر اور سائیڈ فینڈر کے حصوں پر ویلڈنگ کے مشکوک نشانات پائے گئے۔
گاڑی کی تفصیلی جانچ پڑتال کے دوران گاڑٰیوں کے اندر خصوصی طور پر تیار کئے گئے 5 خفیہ خانوں کی نشاندہی ہوئی۔ گاڑی کے خفیہ خانوں سےمختلف غیر ملکی برانڈز کے 564 موبائل فونز برآمدہوئے۔ واقعے کی ایف آئی آر درج کر کے اسمگلنگ نیٹ ورک تک رسائی کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب کسٹمز پشاور نے 7 کروڑ 44 لاکھ روپے مالیت کی اشیاء ضبط کی گئیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 ٹرکوں سے بارہ ہزار 200 کلو گرام چھالیہ،غیر ملکی سگریٹس کی 4 ہزار 21 سلیوز اور 170 ٹائرز برآمد کئے گئے۔ مسافر گاڑیوں سے بھی 24 لاکھ روپے سے زائد کی نان ڈیوٹی پیڈ کاسمیٹکس برآمد کی گئیں۔
پشاور ڈویژن میں دو نان ڈیوٹی پیڈ گاڑیاں بھی ضبط کر لی گئیں، نوشہرہ میں گاڑی سے اسمگل شدہ سگریٹس کے دوہزارسلیوز برآمد کئے گئے۔





















