ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو کا کہنا ہے کہ ہم کثیر الجہتی آپریشن کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ معرکہ حق میں کامیابی پاک فضائیہ کی کارکردگی کا ثبوت ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنگ میں قائدانہ کردار ادا کیا۔
رسالپور میں کیڈٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب میں ائیرچیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستانی عوام اور مسلح افواج نے مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت عددی طور پر کہیں زیادہ طاقت رکھنے والے دشمن کو عبرتناک شکست دی۔ تاریخ میں پہلی بار پاک فضائیہ نے فل اسپیکٹرم ملٹی ڈومین آپریشنز انجام دیے۔ دنیا پاک فضائیہ کی بہترین منصوبہ بندی اورآپریشنز دیکھ کر دنگ رہ گئی۔
ایئرچیف نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے جدید طیارے مار گرائے، رافیل طیاروں کی صلاحیت پاک فضائیہ کے سامنے صفر ثابت ہوئی، آپریشن بنیان مرصوص میں پاک فضائیہ نے دشمن کے دانت کھٹے کیے، پاک فضائیہ نے 6اور 7مئی کوبھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ سائبر وار فیئر بھی میں اپنی برتری ثابت کی۔ ملک کی سالمیت پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے 10 مئی کو دشمن کے ڈیفنس سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا، دشمن کی ہر حرکت کو پاک فضائیہ نے لمحوں میں مانیٹر کیا، ہمارے ایکشن اور آپریشن لمحوں میں کارگر ثابت ہوتے ہیں۔ اگر کسی نے ہماری امن کی خواہش کو چیلنج کیا تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔
ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاک فضائیہ ہر دور میں مضبوط دفاعی لائن ثابت ہوئی، ہم کثیر الجہتی آپریشن کی صلاحیت رکھتے ہیں، تربیت اور جذبہ پاک فضائیہ کی طاقت ہیں، پاک فضائیہ کا ہر جوان ہر افسر ملک و قوم کی خدمت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
ایئر چیف مارشل کا مزید کہنا تھا کہ آج کے دور میں جدید دنیا میں پاک فضائیہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے لیس ہے، معرکہ حق میں ہماری صلاحیت اور تیاری دنیا نے دیکھ لی، ہم نے کم وقت میں جدید ٹیکنالوجی حاصل کی ، پاک فضائیہ کے اثاثے بہترین اور مضبوط ہیں۔
پی اے ایف اکیڈمی رسالپور سے مجموعی طور پر166کیڈٹس پاس آوٹ ہوئے۔ پاس آوٹ ہونے والوں میں پاک فضائیہ کے 136اور سعودی فضائیہ کے20 کیڈٹس شامل ہیں۔ پاس آوٹ ہونیوالوں میں 134ویں کومبیٹ کورس اور 98ای سی رائل سعودی ایئرفورس کے کیڈٹس شامل ہیں۔
پاس آوٹ ہونیوالوں میں 151جی ڈی پی، 97انجینئرنگ اور 108ویں ایئرڈیفنس کے کیڈٹس شامل ہیں۔ پاس آوٹ ہونیوالوں میں 10ویں نیوی گیشن الفا28ویں ایڈمن اینڈاسپشل ڈیوٹیز اور 11لاجسٹکس کورس کے کیڈٹس بھی شامل ہیں۔






















