بنوں میں دہشتگردوں کے حملے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی خان سمیت 4 افراد شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
میرانشاہ روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی خان کے سکواڈ پر ہونے والے ایک ہولناک حملے میں اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی سمیت 4 افراد شہید اور 3 دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ بنوں کے علاقے معصوم آباد ممند خیل کے علاقے میں پیش آیا۔
اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی خان اپنے سکواڈ کے ہمراہ بنوں میرانشاہ روڈ پر سفر کر رہے تھے کہ معصوم آباد ممند خیل کے مقام پر ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی خان نے موقع پر ہی جام شہادت نوش کیا۔
شہید ہونے والوں میں اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی خان کے علاوہ ان کے دو سیکورٹی پولیس اہلکار اور ایک راہ گیر بھی شامل ہے۔ یوں اس واقعے میں شہید ہونے والوں کی کل تعداد 4 ہو گئی۔ حملے میں شاہ ولی خان کے دو سیکورٹی اہلکار اور ڈرائیور سمیت تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات آغاز کر دیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔






















