پاکستان اور چین کی آہنی دوستی اور مضبوط ترین دفاعی تعلقات کی عملی مثال پاک فوج اور چین کی پیپلزلبریشن آرمی کی نویں سالانہ واریئر مشقوں کا آغاز ہو گیا۔ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کمانڈر منگلا کور اور پیپلز لبریشن آرمی کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف ویسٹرن تھیٹر کمانڈ سمیت دونوں ممالک کے سینئر فوجی حکام شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یکم دسمبر کو شروع ہونے والی فوجی مشق کا بنیادی محور انسداد دہشت گردی آپریشنز ہیں، جس کا مقصد جدید جنگی تقاضوں سے متعلق بہترین تجربات کا تبادلہ، دونوں دوست ممالک کی مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی میں اضافہ کرنا اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو مزید نکھارنا ہے۔
عسکری ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کا دفاعی تعاون دیرینہ ، آزمودہ اور باہمی اعتماد پر مبنی ہے۔ واریئر 9 مشق دونوں ملکوں کے مضبوط عسکری تعلقات ،علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ عزم کی عملی مثال ہے۔ پاک چین انسداد دہشت گردی مشقیں ہر سال باقاعدگی سے منعقد ہوتی ہیں۔






















