پاکستانی ائر لائنز کی امریکا کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی کے معاملے پر پیش رفت ہوئی ہے۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی سیفٹی آڈٹ رپورٹ رواں ماہ جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ ستمبر میں پاکستان آنے والی ٹیم نےسیفٹی، فلائٹ اسٹینڈرڈ سمیت ائرپورٹ انفرااسٹرکچرکا آڈٹ کیا تھا۔
لائسنزاجرا کے لئے سی اے اے امتحانات سمیت پی آٗئی اے کے مختلف شعبوں کا آڈٹ بھی کیا گیا تھا۔ یہ آڈٹ رپورٹ اجرا کے بعد ہی ایف اے اے کی دوسری ٹیم جنوری میں پاکستان پہنچے گی۔
ذرائع کے مطابق دوسری ٹیم ائرپورٹس، ائرلائنز، سی اے اے کے سیکورٹی امور بارے رپورٹ مرتب کرے گی دوسری ٹیم کی آڈٹ رپورٹ بھی دوسے تین ماہ بعد جاری کی جائے گی۔
سیکیورٹی آڈٹ رپورٹ اجرا کے بعد ہی پاکستانی ائیرلائنز کی امریکا کے لئے پروازوں کی بحالی کا فیصلہ ہوگا۔ ستمبر میں پاکستان آنے والی کنسلٹنٹ ٹیم کے لئے پاکستان نے ستر ہزارڈالرزبطورفیس ادا کئے تھے۔ پاکستانی ائرلائنز پر امریکہ میں پروازوں پرپابندی 2020 میں مشتبہ پائلٹس لائنسنس اسکینڈل کے تناظر میں لگائی گئی تھی۔






















