فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی نے ملاقات کی جس میں دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ابھرتے ہوئے چیلنجز بالخصوص علاقائی سلامتی کے تناظر میں اعلیٰ سطح کے رابطوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ ملاقات میں پاکستان اور مصر کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل اور مصری وزیر خارجہ نے سیکیورٹی تعاون، فوجی رابطوں، تربیت اور علاقائی امن و استحکام کے موضوع پر تفصیلی گفتگو کی۔ دفاعی اور وسیع تر تذویراتی تعاون مضبوط تر کرنے اور دوطرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ڈاکٹر بدر احمد نے مصری قیادت کی جانب سے خیرسگالی کا پیغام فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تک پہنچایا۔ پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔ ملاقات میں ابھرتے ہوئے چیلنجز بالخصوص علاقائی سلامتی کے تناظر میں اعلیٰ سطح کے رابطوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔






















